نئی دہلی، 5 جولائی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)عام بجٹ پیش ہونے کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ یہ ملک کو خوشحال اور عوام کو قابل بنانے والا بجٹ ہے۔اس بجٹ سے غریب کو تقویت ملے گی اور نوجوان کو بہتر کل ملے گا۔اس بجٹ کے ذریعے درمیانہ طبقے کو ترقی ملے گی،ترقی کی رفتار کو تیزی ملے گی۔اس بجٹ سے ٹیکس نظام آسان بنانے میں مددملے گی، انفراسٹرکچر کو جدت ملے گی۔وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ آج لوگوں کی زندگی میں نئی توقعات اورامیدں ہیں،یہ بجٹ ملک کو یقین دلا رہا ہے کہ انہیں مکمل کیا جا رہا ہے۔یہ یقین دلا رہا ہے کہ سمت درست ہے، عملدرآمد ٹھیک ہے، رفتار درست ہے لہذا مقصد تک پہنچنا طے ہے۔یہ بجٹ انٹرپرائز اور کاروباری اداروں کو مضبوط بنائے گا، ملک میں خواتین کی شرکت کو اور بڑھائے گا۔اپنی حکومت کے پہلے دور کی تعریف کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ یہ ایک گرین بجٹ ہے، جس میں ماحول، الیکٹرک موبلٹی اور سولر سیکٹر پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔گزشتہ 5 سال میں ملک مایوسی کے ماحول کو پیچھے چھوڑ چکا ہے۔آج ملک توقعات اور اعتماد سے بھرا ہوا ہے۔ نریندر مودی نے کہا کہ اس بجٹ میں اقتصادی دنیا کی اصلاحات بھی ہیں۔عام شہری کے لئے بھی ہے اور ساتھ ہی گاؤں اور غریب کی فلاح و بہبود بھی ہے۔